ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد کی زیر صدارت اہم اجلاس، گلگت میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کی منظوری

ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد کی زیرِ صدارت چیف سیکریٹری کانفرنس ہال میں گلگت شہر کی ٹریفک مینجمنٹ پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ شرکاء میں سیکرٹری محکمہ کمیونیکشن اینڈ ورکس ، کمشنر گلگت، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ کمیونیکشن اینڈ ورکس ، ڈی آئی جی گلگت، ڈی جی جی ڈی اے گلگت، ونگ کمانڈر پنجاب رینجرز، ڈپٹی کمشنر گلگت، ایس ایس پی گلگت، ایس ایس پی (ٹریفک) پولیس گلگت، ایس ایس پی ٹورسٹ پولیس گلگت، جی بی سکاوٹس کے نمائندے اور محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی گلگت بلتستان کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ضلعی انتظامیہ، پولیس، لائن ڈیپارٹمنٹس اور متعلقہ اداروں کے سینیئر افسران نے اسکولوں، تجارتی مراکز، ہسپتالوں اور عوامی جگہوں پر شدید ٹریفک جام اور اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کا بغور جائزہ لیا۔
شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک ، بھاری ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت کے اوقات ، غیر کسٹم شدہ اور نان رجسٹرڈ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سڑکوں کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اجلاس میں غور کیا گیا اور مختلف اقدامات اٹھانے کی منظوری بھی دی گئی۔اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس نے بنیادی مسائل اجاگر کیے اور ٹریفک عملے کی کمی، خصوصی کیڈر کےفقدان کی بناء پر پیش آنے والے مسائل ، ٹکٹنگ سسٹم کی خرابی، پارکنگ لاٹ کی کمی، پیدل چلنے کے راستوں پر قبضے اور ناکافی سائن بورڈز کی تفصیلات بتائیں جو شہر میں افراتفری کا باعث بن رہے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ایس ایس پی ٹورسٹ پولیس کو شہر بھر میں کم از کم 30 اہلکار اور دو گاڑیاں تعینات کرنے کا حکم دیا اور ضرورت پڑنے پر موٹروے پولیس سے تربیت لینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پیش کردہ مسائل کی روشنی میں خصوصی ٹریفک پولیس کیڈر قائم کرنے کا کیس شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کے لئے ضروری اقدامات جلد اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ قانون پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، ای ٹکٹنگ سمیت ڈرائیونگ لائسنس، پارکنگ خلاف ورزیوں اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں پر پارکنگ لائنز کی صورت میں اہم جگہوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ بھی مختص کی جائے گی ، ڈپٹی کمشنر گلگت کے مشورے پر شاہی پولو گراؤنڈ اور جٹیال فوڈ گودام کو پارکنگ اور اٹھائی گئی گاڑیوں کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ بازاروں اور مرکزی سڑکوں کو بے جا ٹریفک رکاوٹوں سے صاف رکھا جا سکے۔اجلاس میں ورکس ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کو اہم سڑکوں پر ییلو لائنز فوری طور پر کھینچنے کا حکم دیا گیا تاکہ ڈرائیورز لائین اور لین کی پابندی کر یں۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستا ن نے سڑکوں کے ساتھ پیدل چلنے والے راستوں اور اہم گزر گاہوں سے سے قبضے ہٹانے کی مہم کو تیز کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔کمشنر گلگت، ڈی آئی جی پولیس اور ایس ایس پی ٹریفک فیلڈ آپریشنز کی نگرانی کریں گے۔اجلاس کے دوران شہر میں سیوریج ورکس سے سڑکوں کی مخدوش صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ، متعلقہ محکموں کو مکمل سائٹس پر بھرائی، کمپکشن اور سولنگ کرنے، فعال/بند جگہوں پر واضح سائن بورڈز لگانے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس نے شہری شعور، قوانین کی پابندی اور اداروں کے ساتھ تعاون پر زور دی۔ میٹنگ میں شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور رش کے اوقات میں مسائل سے بچا جا سکے۔










