
نگران وزیر اعلی گلگت بلتستان جسٹس (ر)یار محمد نے صوبائی سیکرٹری صحت کی جانب دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ دیگر تمام شعبوں سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ گلگت میں موجود مڈوائفری سکول کو فعال کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو دور کیا جاسکے۔وزیر اعلی انڈومنٹ فنڈ انتہائی احسن اقدام ہے، اس پروگرام کو مزید وسعت دینے پر توجہ دی جائے۔ وزیر اعلی انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے گلگت بلتستان کے مستحق اور نادار مریضوں کا ملک کے بڑے ہسپتالوں میں مفت علاج کرایا جارہاہے جو حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت ہے۔ گلگت بلتستان پولیو فری برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
نگران وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید انفرسٹرکچرپر توجہ دینے کے بجائے ہیومن ریسورس پر توجہ دی جائے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر ہو۔نگران وزیر اعلی نے ہسپتالوں میں تعمیر کئے جانے والے آکسیجن جنریشن پلانٹس کو فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان جنریشن پلانٹس کیلئے درکار ٹرانسفارمرز کی دستیابی کو یقینی بنائے گی۔ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے صوبائی سیکریٹری صحت کے خدمات کو سراہتے ہوئے نگران وزیر اعلی نے ہسپتالوں کی بہتری اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔نگران وزیر اعلی نے غیر معیاری ادویات کے فروخت کی حوصلہ شکنی کویقینی بنانے کیلئے ڈرگ انسپکٹرز کو مزید فعال بنانے اور ہسپتالوں میں لیبارٹری ٹیسٹ کے عمل کو بہتر بنانے کے احکامات دیئے۔ ڈاکٹروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے محکمہ صحت کو ڈاکٹروں کے ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کو کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ۔










