سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان کی 35ویں نیشنل گیمز سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط فہمیوں اور الزامات کی تردید

سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان نے 35ویں نیشنل گیمز سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط فہمیوں اور الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبائی کانٹیجنٹ کی تیاری اور کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل طور پر شفاف، مشاورتی اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا گیا۔ترجمان سپورٹس بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کے سلیکشن سے قبل ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ نے تمام متعلقہ صوبائی سپورٹس ایسوسی ایشنز سے باضابطہ مشاورت کی، جس میں ایسوسی ایشنز نے اپنی سفارشات پیش کیں اور انہی سفارشات کی روشنی میں سلیکشن کا طریقہ کار طے پایا۔بعدازاں ہیڈکوارٹر گلگت میں مختلف کھیلوں کے اوپن میرٹ ٹرائلز منعقد کیے گئے، جن میں ہر کھلاڑی کو یکساں مواقع فراہم کیے گئے۔
سلیکشن کمیٹی نے مکمل شفافیت کے ساتھ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جبکہ منتخب شدہ کھلاڑیوں کا ریکارڈ سپورٹس بورڈ کے پاس محفوظ ہے۔ترجمان نے کہا کہ منتخب کھلاڑیوں نے کراچی میں ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز میں صوبے کی نمائندگی کی ہے اور سلیکشن کے کسی بھی مرحلے پر جانبداری، ذاتی پسند یا ناپسند کا کوئی عنصر شامل نہیں تھا۔بعض ایسوسی ایشنز کے داخلی مسائل، انتخابات نہ ہونے یا گروہی مداخلت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا الزام سپورٹس بورڈ پر ڈالنا حقائق کے منافی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بغیر تحقیق سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا منفی پروپیگنڈا نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتا ہے بلکہ ٹیم کے مورال اور صوبے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ سپورٹس بورڈ نے واضح کیا کہ کھیلوں کے فروغ، میرٹ کی بالادستی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کاوشیں جاری رہیں گی۔سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان نے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) کو باضابطہ خط بھی ارسال کردیا ہے۔










