تازہ ترین
ضلع گلگت

نگران حکومت قومی وسائل کاتحفظ یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دے گی،نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

 نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے کہا ہے کہ نگران حکومت قومی وسائل کاتحفظ یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور کیبنٹ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کو یقینی بنائیں گے، قومی وسائل کا تحفظ اور صحیح استعمال ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔میرٹ، گڈ گورننس اور وسائل کے صحیح استعمال کےلئے درست سمت کا تعین کریں گے۔ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام کے مسائل جلد حل کرنے کے حوالے سے سرکاری دفاتر میں ای آفس کا نفاذخوش آئند ہے۔ بتدریج اس کو تمام دفاتر تک وسعت دی جائے۔ ای آفس کے ذریعے شفافیت اور گورننس میں بہتری آئے گی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایمانداری اور وسائل کے درست استعمال کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ایف پی ایس سی کے تحت گلگت بلتستان میں افسران کی آسامیوں کا مشتہر اور بھرتیوں کا عمل تیز ہونا خوش آئند ہے۔ چیئرمین ایف پی ایس سی سے ملاقات میں محکمہ سروسز کی جانب سے ایف پی ایس سی کو بجھوائی جانے والی تمام آسامیوں کو جلد مشتہر کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری سروسز کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کے رولز کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دیں۔گلگت بلتستان ٹیسٹنگ سروس کا قیام شفافیت اور اہل ملازمین کی بھرتیوں کےلئے صوبائی حکومت کا احسن اقدام ہے۔ نگران حکومت میرٹ کی بالادستی،شفافیت سمیت گڈ گورننس اور کفایت شعاری کو یقینی بنانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ گلگت بلتستان کے ملازمین کا بینولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس کا شیئر وفاقی حکومت سے صوبے کو منتقل کرنے کےلئے وزیر اعظم پاکستان سے سفارش کی جائے گی۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو صوبائی سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن عثمان احمد نے محکمے کی کارکردگی اور صوبے میں شفافیت سمیت گڈگورننس کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button