جامعہ قراقرم کا اکیڈیما اور انڈسٹری کو بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے اکیڈمیا، انڈسٹری اور انوویشن کے درمیان فاصلے کو کم کرنے اور کوالٹی کی بنیاد پر ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا۔ جامعہ قراقرم کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی ) نے ”ٹوٹل کوالٹی مینجمنٹ (ٹی کیو ایم) اور انٹلیکچوئل پراپرٹی” کے عنوان پر دو روزہ ورکشاپ کا آغازکردیا۔جس کا مقصد فیکلٹی ممبران، محققین اور انڈسٹری کے پیشہ ور افراد کو جدید ٹولز اور علم سے آراستہ کرنا ہے۔یہ ورکشاپ تعلیمی اداروں اور صنعتی یونٹس میں کوالٹی کی ثقافت کو فروغ دینے اور انوویشن کی راہ ہموار کرنے پر مرکوز ہے۔ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے خصوصی شرکت کی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی ورکشاپس نہ صرف ہمارے محققین کو عالمی معیار کی تربیت دیں گی بلکہ انڈسٹری کے ساتھ شراکت داری کو مزید گہرا کریں گی۔ایسے مزید پروگرامز کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ یونیورسٹی انوویشن کا مرکز بن سکے۔دو روزہ ورکشاپ کی کلیدی سپیکر فیلڈ کی ممتاز ماہر ڈاکٹر نور آصفہ اعوان ہیں جو شرکاء کو ٹی کیو ایم اور انٹلیکچوئل پراپرٹی (آئی پی ) کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی رہنمائی فراہم کریں گی۔ پہلے دن ڈاکٹر اعوان نےٹی کیو ایم کے بنیادی تصورات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ صنعتی سیٹ اپس میں کارکردگی اور پیداوار کو کئی گنا بڑھانے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے عملی مثالیں پیش کرتے ہوئے شرکاء کو سمجھایا کہ کوالٹی مینجمنٹ کی مدد سے ادارے اپنی پروڈکٹیویٹی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ورکشاپ جمعہ کے دن بھی جاری رہے گاجس میں انٹلیکچوئل پراپرٹی سے متعلق سیشنز ہوں گے۔











