سی پیک نے گلگت بلتستان کیلئے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، صدر زرداری

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے،عالمی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے،چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے گلگت بلتستان کے لیے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، قراقرم ہائی وے چین کے ساتھ شراکت داری کی ایک زندہ یادگار کے طور پر قائم ہے۔گلگت بلتستان کی ڈوگرہ راج سے آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک نے جی بی کے عوام کے لیے روزگار، تجارت اور رابطے کے نئے مواقع فراہم کیے، ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ مواقع ہر وادی اور ہر گاؤں تک پہنچیں تاکہ سب کے لیے مشترکہ خوشحالی ممکن ہو سکے۔
صدر زرداری نے کہا کہ جب ہم آپ کا یومِ آزادی منا رہے ہیں تو آئیں ہم اپنے عزم کو تازہ کریں کہ گلگت بلتستان کو ترقی، انصاف اور مساوات کی ایک مثال بنائیں، آپ کا خطہ نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کیلئے بہترین صلاحیتوں کا حامل ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا ذکر کیا اور کہا کہ جب آپ پاکستان کے پرچم تلے آزادی اور حقوق سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، وہ اب بھی قبضے کا شکار ہیں، ہم اٴْن کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک وہ بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ آگے بڑھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ہماری سرحدوں کی حفاظت کی، ترقی کے سفر میں ساتھ دیا، اور دنیا کی بلند ترین چوٹیوں پر پاکستان کا پرچم لہرایا، یہ خطہ نہ صرف پاکستان کا تاج ہے بلکہ ہمارا شمالی دروازہ اور چین کے ساتھ ہماری دیرینہ دوستی کی علامت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے چین کے ساتھ شراکت داری کی ایک ‘زندہ یادگار’ کے طور پر قائم ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے محبت اور خلوص کا ہاتھ بڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات واضح ہیں، آپ کو تعلیم حاصل کرنی چاہیے، صحت مند رہنا چاہیے، اور ہر وادی میں اسکول ہونے چاہئیں۔انہوں نے خطے کی طاقتوں کو اجاگر کیا، جن میں آبی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت اور سیاحت کی لامحدود گنجائش شامل ہیں۔صدر نے کہا کہ میں آج ہی کمانڈر صاحب سے بات کر رہا تھا، اور سوچ رہا تھا کہ جن جہازوں میں میں یہاں آیا، وہ اتنے مہنگے نہیں تو اگر گلگت بلتستان کی اپنی ایئر لائن ہو جائے تو اس میں کیا ہرج ہی انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کی کوششیں اور نیت اسی سمت ہیں کہ خطے کی ترقی و خوشحالی کو فروغ دیا جائے۔صدر زرداری نے کہا کہ اللہ کرے کہ گلگت بلتستان کے عوام ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، اسی لیے آج احساس ہوتا ہے کہ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒنے ہمارے لیے جو کام کیا، اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔










