ڈوگروں سے آزادی کا حصول آسان نہیں تھا ، قوم نے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کر کے خطے سے بھاگنے پر مجبور کیا، حاجی گلبر خان

31 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے میڈیا کو جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یکم نومبر1947کو ہمارے آبائو اجداد نے بغیر کسی بیرونی امداد کے دفاعی اور جغرافیائی اہمیت کے حامل اس خطے کو ڈوگروں سے آزاد کرایا اور کلمے کی بنیاد پر وجودمیں آنے والے ملک پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنا آسان نہیں تھا لیکن ایک قوم بن کر آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیرت ایمانی سے سرشار ہوکر ڈوگروں کو اس خطے سے بھاگنے پر مجبور کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے وقت جن چیلنجز کا سامنا تھا آج اس سے زیادہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور ایک خوشحال مستقبل جس کا خواب ہمارے آبا اجداد نے دیکھا تھا اس کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے درپیش ہے، ہمیں اپنے دشمنوں کے سازشوں کو سمجھتے ہوئے پہلے سے زیادہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر قسم کی تفرقہ بازی اور اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک قوم ہونے کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔ہماری منزل خوشحال،ترقیافتہ اور معاشی حوالے سے خودمختار گلگت بلتستان ہے۔ ہم اپنے آنے والے نسلوں کو پرامن اور خوشحال علاقے دینا ہے۔ ہم نے اپنے مختصر دور حکومت میں آزادی کے حقیقی معنوں کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی اور محروم طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنانے پر توجہ دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہدا اور غازیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ آج کے اس عظیم دن کے موقع پر ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیں گے ۔










