آزادی ایمان،قربانی اور وفاداری کی لازوال داستان ہے،ایمان شاہ

معاون خصوصی اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایمان،قربانی اور وفاداری کی لازوال داستان ہے۔معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یکم نومبر کا دن گلگت بلتستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا ہے، یہ وہ دن ہے جب گلگت بلتستان کے غیور، بہادر اور محبِ وطن سپوتوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوگرہ راج کے ظلم و جبر کی زنجیریں توڑ کر آزادی حاصل کی۔انہوں نے کسی لالچ، شرط یا بیرونی امداد کے بغیر صرف اسلامی نظریے اور محبتِ پاکستان کے جذبے کے تحت اپنی سرزمین کو آزاد کروایا اور مادرِ وطن پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔
یہ آزادی ایمان، قربانی اور وفاداری کی ایسی لازوال داستان ہے جو آج بھی ہمارے دلوں کو فخر سے بھر دیتی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ وطنِ عزیز کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی ثابت کی،چاہے بات سرحدوں کی حفاظت کی ہو، قومی خدمت کی یا پاکستان کے پرچم کو سربلند رکھنے کی۔آج کے دن ہم اٴْن تمام شہداء ، مجاہدین، اور بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیں یہ دن دیکھنے کا موقع فراہم کیا،جبکہ دوسری جانب، بھارت کے ظلم و ستم کے نیچے دبے کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں ہمیں یہ احساس دلاتی ہیں کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے اور اس کی قدر و حفاظت ہمارا فرض ہے۔آئیے، آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ گلگت بلتستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں گے اور پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں گے۔










