موجودہ حکومت 24نومبر کو آئینی مدت پوری کرے گی،جس کے بعد جنرل الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائیگا،چیف الیکشن کمشنر گلگت

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت 24نومبر 2025کو اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،جس کے فوراً بعد جنرل الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا،الیکشن ایکٹ کی سیکشن 14کے تحت جامع الیکشن پلان تیار کی منظوری دے دی ہے آنے والے عام انتخابات میں 9لاکھ 91ہزار 124ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جنہیں شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار ماحول فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے۔الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 17لاکھ عوام کا چیف الیکشن کمشنر ہوں اور عوامی مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔راجہ شہباز خان نے کہا کہ الیکشن کا تعلق موسم سے نہیں بلکہ آئین اور قانون سے ہے، لہٰذا انتظامی اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کیلئے تمام تر اقدامات کیے جاچکے ہیں اور مزید بہتری کے لیے ادارے مسلسل متحرک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی خامیوں کو نادرا کے تعاون سے دور کیا گیا ہے جس کے بعد ووٹر لسٹیں مزید درست اور قابل اعتماد ہوچکی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سال 2020سے اب تک ایک لاکھ بیالیس ہزار سے زائد افراد کے نئے شناختی کارڈز بنائے گئے، اس کے باوجود دو لاکھ ستائیس ہزار سے زائد افراد کا اندراج ابھی تک نہیں ہوسکا۔انہوں نے اعلان کیا کہ آج سے ہی ان شہریوں کا اندراج فہرستوں کو آویزوں کروارہا ہوں ہے تاکہ کسی بھی اہل ووٹر کو انتخابی عمل سے باہر نہ رکھا جائے۔ انہوں نے میڈیا، مساجد اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ آگاہی دینے کی اپیل کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے کوائف اور انتخابی فہرستوں کی فوری تصدیق کروائیں۔ انہوں نے جنرل الیکشن کے شیڈول سے پہلے ضلعی انتظامیہ کو ووٹر رجسٹریشن مہم میں بھرپور تعاون کی ہدایت بھی کردی۔راجہ شہباز خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جنرل الیکشن سے الگ ہوں گے اور ان کی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی تعاون سے بلدیاتی نظام کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ الیکشن ایکٹ اور کوڈ آف کنڈکٹ جلد جاری کردیا جائے گا، اگر کوئی سیاسی جماعت یا امیدوار قوانین کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی سطح پر کرپشن یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی سہولت کے لیے انتظامات مزید موثر بنائے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور اور قانون پسند ہیں، اسی لیے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے انتخابی عمل کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کا مشن صرف ایک ہے، وہ قانون کی حکمرانی، میرٹ کی پاسداری اور شفاف انتخابات کی یقینی تکمیل ہے۔










