گورنر گلگت بلتستان سے صدر پیپلز پارٹی امجد حسین کی ملاقات، سیلاب متاثرین کی بحالی اور پولیس اہلکاروں کے مسائل پر گفتگو

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ممبر اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر ایڈووکیٹ امجد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حالیہ سیلابوں سے ہونے والی تباہ کاریوں اور متاثرین کی بحالی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے چار ارب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا گیا تھا، جس میں سے ایک ارب روپے فراہم کر دیے گئے ہیں جبکہ بقیہ تین ارب روپے بھی جلد از جلد مہیا کیے جائیں گے تاکہ متاثرین کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں اور متاثرہ علاقوں میں سردیوں کی آمد سے قبل تمام متاثرین کی بحالی ممکن بنایا جا سکے۔ایڈووکیٹ امجد حسین نے گورنر گلگت بلتستان کی توجہ حالیہ پولیس دھرنے میں شامل اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر نظرِ ثانی کی جائے اور مذاکرات کے مطابق ان کے مسائل حل کیے جائیں۔
گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو دی جانے والی سزاؤں پر ازسرِنو غور کیا جانا چاہیے اور نظرثانی کی جائے تاکہ کسی سے زیادتی نہ ہو اور پولیس اہلکاروں کے جائز مطالبات کے حل کے لیئے اقدامات کریں تاکہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ملاقات کے دوران ایڈووکیٹ امجد حسین نے گورنر گلگت بلتستان کو خطے کی سیاسی صورتحال اور جاری سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔











