بچیوں کو کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی جائے یا نہیں؟

وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں 9 سال سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے، بہت سے والدین نے ویکسین لگوانے سے انکار کردیا ہے تو اکثر لوگوں کی جانب سے اسے سراہا بھی جارہا ہے۔اس حوالے سے محکمہ صحت کا عملہ مختلف اسکولوں میں ویکسین لگانے کے لیے پہنچا تو خبر ملنے پر والدین نے اسکول سربراہان کو مطلع کردیا کہ ہمارے کسی بچے کو کسی قسم کی کوئی ویکسین نہ لگائی جائے۔
کورونا ویکیسن کے بعد اکثر لوگوں میں یہ ابہام پایا جاتا تھا کہ یہ ایک جان لیوا ویکسین ہے اسی تناظر میں والدین اس ویکسین کو بھی اپنے بچوں کو لگوانے سے انکار کررہے ہیں۔اسی حوالے سے اے آر وائی نیوز آزاد کشمیر کے نمائندے سردار راشد نذیر نے علاقہ معززین سے گفتگو کی جن میں سے زیادہ تر افراد نے اس ویکسین کے حق میں بات کی اور اسے لگوانے کیلیے دوسروں کو بھی ترغیب دی۔
دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے جاری سرکلر میں بھی اس ویکسین کے بڑے فوائد بتائے جارہے ہیں۔مستقبل قریب میں خواتین کو کینسر جیسے مرض سے بچاؤ کے لیے قومی سطح پر ویکسینیشن کا عمل شروع کیا گیا جبکہ 148 ممالک جس میں اسلامی ممالک بھی شامل ہیں کامیابی سے یہ ویکسین استعمال کی گئی ہے لیکن آزاد کشمیر کے اندر اس ویکسین کو لگانے پر والدین نے مکمل انکار کر رکھا ہے۔












