تازہ ترین
ضلع گلگت

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں الکوثر سکالرشپ چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے شاندار تقریب کاا نعقاد

 قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں الکوثر سکالرشپ چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے شاندار تقریب کاا نعقاد کیاگیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق تقریب میں 28 مستحق طلبہ کو میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر سکالرشپس سے نوازا گیا۔ تقریب میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر کے آئی یو ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے سکالرشپ کو ہونہار طلبہ کے لیے اعزاز کی بات قرار دیتے ہوئے کہاکہ الکوثر سکالرشپ صرف مالی امداد نہیں بلکہ طلبہ کی محنت، عزم اور مستقبل کو سنوارنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔وائس چانسلر نے کہاکہ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے اور اس طرح کے اقدامات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کوئی مستحق طالبعلم مالی مشکلات کی وجہ سے پیچھے نہ رہے۔وائس چانسلر نے سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ ہمارے مستقبل کے رہنما ہیں، اپنی کامیابی کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھیں ،الکوثر سکالرشپ جو الکوثر یو ایس اے انک کی مالی اعانت سے دی جاتی ہے کا مقصد ہونہار طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے مالی مدد فراہم کرنا ہے۔ قبل ازیں فنانشل ایڈ آفس کے ڈائریکٹر شاہد احمد شگری نے سکالرشپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ 28 سکالرشپس سخت انتخابی عمل کے بعد دی گئیں جن میں تعلیمی میرٹ اور مالی ضرورت دونوں کو مدنظر رکھا گیا، یہ اقدام الکوثر یو ایس اے انک کے معاشرتی انصاف اور انسانی امداد کے فروغ کے وسیع تر اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔تقریب میں جامعہ قراقرم کی فیکلٹی، انتظامیہ اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ نے شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی امداد انہیں اپنی تعلیمی سفر کو اعتماد کے ساتھ جاری رکھنے کے قابل بنائے گی۔الکوثر یو ایس اے سکالرشپ کے فوکل پرسن ڈاکٹر عمار حسین نے سکالرشپ پروگرام کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے الکوثر محدود بنیادوں پر سکالرشپ فراہم کر رہا تھا لیکن اس دفعہ سکالرشپ کے بجٹ میں دگنا اضافہ کیا گیا ہے۔وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں فنانشل ایڈ آفس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو سکالرشپ فراہم کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button