حکومت کی ترجیح علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے،حاجی گلبر خان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نےکہا ہے کہ حکومت کی ترجیح دور دراز علاقوں کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما پیر سید جلال شاہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے چٹورکھنڈ، جپوکے اور اشکومن کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ وفود کے مسائل سننے کے بعد صوبائی سیکرٹری برقیات کو ہدایت کی کہ بیرگل پاور ہاؤس میں ٹی جے سیٹ کی تنصیب کو رواں سال کے ستمبر تک یقینی بنایا جائے۔ چٹورکھنڈ سمیت دیگر علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ ایمت روڈ کا ٹینڈر جلد کیا جائے تاکہ اس منصوبے پر بروقت کام شروع ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ نے اعلیٰ عدالت میں زیر سماعت مترم داس روڈ کا قابل عمل حل نکالنے کیلئے سی آر سی کے فورم کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کیلئے کوئی قابل عمل حل تجویز کریں تاکہ منصوبے میں مزید تاخیر نہ ہو۔وزیر اعلیٰ نے جی بی ڈی ایم اے اور این ایچ ا ے کے متعلقہ آفیسران کو بھی ہدایت کی ہے کہ 2022 میں جپوکے نالے سے سیلاب سے دریا کا پانی کے رکنے کی وجہ سے ملحقہ آبادی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں متعلقہ محکمے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے بروقت اقدامات کریں۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری برقیات کو ہدایت کی کہ اشکومن پاور ہاؤس کے چینل میں سلیب نہ ہونے کی وجہ سے کئی قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے مستقبل میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے آبادی سے ملحق چینل میں سلیب تنصیب کرنے کیلئے سروے کیا جائے۔ اس موقع پر عمائدین نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا










