وزیراعلی گلگت بلتستان کی زیر صدارت امن وا مان بارے اجلاس ،اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان مزید کسی بھی مذہبی منافرت کا متحمل نہیں ہوسکتا، امن وامان حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ ہفتے کو وزیراعلی حاجی گلبر خان کی زیر صدارت امن وا مان کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں انتظامیہ اور تمام اداروں کی کارکردگی کا مجموعی جائزہ گیا۔اس موقع پر حاجی گلبر خان نے کہا کہ علمائے کرام سے ہماری درخواست ہے کہ گلگت بلتستان میں امن اور بھائی چارگی کے فضا کو قائم رکھنے میں حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ حکومت مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرے گی۔ صوبے کا امن خراب والوں کیخلاف زیرو ٹارلنس پالیسی کے بلاتفریق تحت کارروائی ہوگی۔
ہم سب کو گلگت بلتستان کا امن عزیز ہے۔کسی بھی علاقے کی ترقی کا انحصار امن وامان سے وابستہ ہے۔ بحیثیت مسلمان اور انسان ہمیں مجرموں کی پشت پناہی کرنے کے بجائے اچھے کو اچھا اور برے کو برا کہنے کی جر ت پیدا کرنی ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے علاقے میں مذہبی منافرت پھیلانا پورے گلگت بلتستان کیساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ چھموگڑھ واقعے کے مجرموں کو گرفتار کیا جائے گااور قرار واقعی سزا دی جائے گی۔پارلیمانی امن کمیٹی گلگت بلتستان میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرے گی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر ہدایات دیئے کہ جو سرکاری ملازمین سوشل میڈیا میں مذہبی منافرت پھیلانے میں ملوث پائے جائیں گے ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں انتظامیہ کو ہدایات جاری کی۔











