ضلع گلگت
گلگت شہر میں فیول کی سپلائی بحال، پیٹرول پمپس پر ایندھن دستیاب

اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) عادل علی نے کہا ہے کہ گلگت شہر کے بیشتر پیٹرول پمپس پر ایندھن دستیاب ہے اور آئندہ 12 گھنٹوں میں مکمل سپلائی بحال ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کے دورے کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام پیٹرول صرف اپنی ضرورت کے مطابق خریدیں تاکہ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کا خدشہ ختم کیا جا سکے۔ کیپٹن (ر) عادل علی نے بتایا کہ وہ ڈپٹی کمشنر گلگت کی خصوصی ہدایات پر خود پیٹرول پمپس کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ایندھن کی دستیابی کا جائزہ لیا جا سکے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جا سکیں۔بعدازاں انہوں نے مختلف پمپس پر فیول گیجز چیک کیے تاکہ مطلوبہ مقدار میں ایندھن کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔










