دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لیفٹ ایبٹمنٹ پر کھدائی کا اہم مراحلہ مکمل ، مین ڈیم فائونڈیشن پر کھدائی کا کام جاری

دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ میں اہم تعمیراتی پیشرفت ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لیفٹ ایبٹمنٹ پر کھدائی کا اہم مراحلہ مکمل کرلیاگیا ہے جبکہ مین ڈیم فائونڈیشن پر کھدائی کا کام جاری ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم کے کنٹریکٹر (ایف ڈبلیو او ) نے مین ڈیم کے لیفٹ ایبٹمنٹ سے 25 لاکھ کیوبک میٹر کھدائی مکمل کی ہے۔دیامر بھاشا ڈیم کی لیفٹ ایبٹمنٹ کی اونچائی 185 میٹر اور چوڑائی 120 میٹر ہے۔ مین ڈیم کے رائٹ ابیٹمنٹ پر 61 فیصد کھدائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مین ڈیم سائٹ پر ڈیم فاونڈیشن ایریا میں کھدائی کا کام بھی بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے 17 سائٹس پر دن رات تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دیامر بھاشا ڈیم ملکی ترقی کےلیے انتہائی اہم اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔دیامربھاشا ڈیم 272 میٹر بلند دنیا کا سب سے بڑا رولر -کمپیکٹڈ۔ کنکریٹ (آر سی سی) ڈیم ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 8اعشاریہ ایک ملین ایکڑفٹ ہے جس سے 12لاکھ 30ہزار ایکڑ اراضی زیرکاشت آئے گی۔ دیامربھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگاواٹ ہے جس سے قومی نظام کو سالانہ 18 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی میسر آئے گی