گلگت بلتستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ علاقہ ہے، مصدق ملک

گانچھے ( رپورٹر محمد علی ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ علاقہ ہے، جہاں ہر سال گلیشیئرز کے پگھلنے اور جھیلوں کے پھٹنے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ضلع گانچھے کے تفصیلی دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف موثر کردار ادا کر رہا ہے، جس کی ایک واضح مثال ملک میں کاربن اخراج میں 45 فیصد کمی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، قدرتی ماحول کا تحفظ کریں اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں دورے کے دوران وفد نے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت مختلف وادیوں میں نصب جدید ارلی وارننگ سسٹمز، حفاظتی بند، واٹر چینلز اور دیگر ماحولیاتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ ان اقدامات کا مقصد گلیشیئرز کے پگھلنے اور گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے سے پیدا ہونے والے خطرات سے مقامی آبادی کو محفوظ رکھنا ہے وفاقی وزیر نے گانچھے کے گاں “براہ” میں یو این ڈی پی کے تعاون سے تعمیر ہونے والے کمیونٹی سنٹر کا افتتاح بھی کیا، جہاں خواتین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔
وزیر موصوف نے ان سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کے دوران ان کے مسائل بھی سنے۔ سینیٹر مصدق ملک نے گلاف ٹو پراجیکٹ کو ایک قابل تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف بروقت انتباہ فراہم کرتے ہیں بلکہ مقامی آبادی کی جان و مال کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔










