جگلوٹ میں افسوسناک حادثہ،شدید بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق

گلگت بلتستان کے نواحی علاقے جگلوٹ میں موسلا دھار بارش کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھر کی دیوار گرنے سے دو کم عمر سگی بہنیں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ایس ایس پی گلگت ظہور احمد کے مطابق حادثہ تحصیل جگلوٹ کے گاؤں پیدن داس میں پیش آیا۔ شدید بارش کے باعث ایک کچے مکان کی دیوار گر گئی، جس کے ملبے تلے آکر 8 اور 9 سال کی دو بہنیں شدید زخمی ہوئیں۔دونوں کو فوری طور پر شہید سیف الرحمٰن ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ادھر گلگت بلتستان بھر میں بارش اور برف باری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
استور کے بالائی علاقوں میں 2 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کوہستان کے 6 مقامات پر شاہراہ قراقرم جزوی طور پر بند ہو گئی ہے، جب کہ شاہراہِ بلتستان بھی تریکو اور شاٹوٹ کے مقامات پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے۔ اس صورتحال کے باعث بلتستان کے چار اضلاع کا گلگت سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ راستوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔