عدالتی عملہ کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرے ورنہ فارغ کردیں گے، چیف جسٹس علی بیگ

چیف کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جسٹس علی بیگ نے کہاہیکہ عدالتوں میں کام کرنے والے ملازمین کو کمپیوٹر کی تعلیم لازمی طور پر حاصل کرنا ہوگی جو ملازمین کمپیوٹر کی تعلیم سے آشنا نہیں ہیں وہ فوری طور پر کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کریں کمپیوٹر کی تعلیم حاصل نہ کرنے والوں کو فارغ کردیا جائے گا کیونکہ سارا سسٹم ڈیجیٹائز کیا گیا ہے کمپیوٹر کے بغیر ملازمین کیسے کام کرسکیں گے ؟ کمپیوٹر کے بغیر ملازمین بے کار ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس سکردو میں اولین “ڈیجٹل کاپی برانچ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ عدالتی نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کا مقصد سائلین کو درپیش مشکلات کو دور کرنا ہے نظام کو ڈیجیٹائز کرانے کیلئے رجسٹرار چیف کورٹ اور عملے نے بڑی محنت کی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ٹمپرنگ کا خطرہ ختم ہوگیا ججز پابند ہونگے کہ روزانہ کی کارروائی پر مشتمل آرڈر شیٹ ڈیٹا بیس میں اپلوڈ کریں جس سے سائلین اور وکلا کی کاپی اسی روز ہی دستیاب ہوگی اور اس میں کسی قسم کی تاخیر کی صورت میں تادیبی کاروائی ہوگی عدالتی عملے اور ججز کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا تاکہ انصاف کے تقاضے عصری تقاضوں کے مطابق پورے کئے جاسکیں سسٹم ڈیجیٹائز ہونے کے بعد سائلین کسی بھی وقت اپنے ریکارڈ چیک کر سکتے ہیں عوام الناس کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ ای سسٹم سے عدالتی امور نمٹانے میں آسانیاں پیدا ہونگی ایک زمانہ تھاکہ یہاں عدالتی امور نمٹانے میں کافی دشواریاں پیش آتی رہتی تھیں مگر اب نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کے بعد عدالتی امور نمٹانے میں درپیش مسائل حل ہوں گے اور سائلین کو اب کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا بینکنگ کورٹ کے جج عباس چوپا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہیکہ ڈیجیٹل کاپی برانچ کے قیام سے سائلین کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آئے گی ان کے تمام ریکارڈ محفوظ ہونگے کوئی دو نمبری نہیں کرسکے گا چیف کورٹ میں 30 لاکھ سے زائد کاپیاں اسکین کرکے محفوظ کی گئی ہیں عوام الناس کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں ڈیجیٹل سسٹم معاون ثابت ہوگا ہم عدالت میں پیپر لیس سسٹم متعارف کراہے ہیں ہم اے آئی پر کام کرنے جارہے ہیں سارا سسٹم ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے ہم بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کریں گے لہذا اسی حساب سے ملازمین کو بھی تیاری کرنا ہوگی دریں اثنا چیف کورٹ کے چیف جج جسٹس علی بیگ اور دیگر ججز نے جوڈیشل کمپلیکس میں پودے لگاکر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا اس سے قبل جسٹس علی بیگ اور دوسرے ججوں نے فیتہ کاٹ کر ڈیجیٹل کاپی برانچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔










