سینئر مینجمنٹ کورس ڈی ایم جی گروپ پر مشتمل وفد کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ

سینئر مینجمنٹ کورس ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی) سے تعلق رکھنے والے گروپ پر مشتمل وفد نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دو رہ کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق دورے پر یونیورسٹی پہنچنے پر قائم مقام وائس چانسلر نے استقبال کیا اور انہیں یونیورسٹی کے مشن،وژن، کامیابیوں اور اعلیٰ تعلیم و تحقیق سمیت دیگر حوالوں سے تفصیلی بریفنگ دی۔ا پنی بریفنگ میں قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید لون نے 2002 میں یونیورسٹی کے قیام سے لے کر اب تک کے سفر پر روشنی ڈالی اور خطے کی اولین پبلک یونیورسٹی کے طور پر اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے معیاری تعلیم و تحقیق کی فراہمی، تحقیق کو فروغ دینے اور بین الاقوامی،ملکی ومقامی ضروریات کے مطابق پروگرامز کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی کے لیے یونیورسٹی کے کلیدی کردار سے متعلق وفد کو آگاہ۔
انہوں نے ا پنی بریفنگ میں ہنزہ، غذر اور دیامر میں کیمپسز کی توسیع اور لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس) جیسے جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال سے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ڈی ایم جی گروپ نے کے آئی یو کے اقدامات خصوصاً کمیونٹی کی شمولیت اور پائیدار ترقی پر توجہ سمیت معیاری تعلیم وتحقیق کی فراہمی کو سراہتے ہوئے جامعہ قراقرم کو بہتر ین ادارہ قرار دیا۔










