بجلی کے بلوں کی ریکوری کی مہم تیز، شہر کو 6 سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت

ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت اور اسسٹنٹ کمشنر محمد طلحہ اسد خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر بجلی کے بلوں کی ریکوری کے لیے ضلعی انتظامیہ نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں اس سلسلے میں شہر کو 6 سیکٹرز میں تقسیم کرکے ریکوری ٹیموں کی تشکیل مکمل کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سیکٹر میں مجسٹریٹس، پولیس اہلکاروں اور محکمہ برقیات کے افسران پر مشتمل ٹیمیں کام کریں گی، جو ڈیفالٹرز کو مراسلے جاری کریں گی اور بعدازاں ریکوری کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی ایک قومی ذمہ داری ہے جس سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔محکمہ برقیات کے ایکسئین نے اجلاس کو بتایا کہ بلوں کی عدم ادائیگی سے ادارے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، امید ہے کہ اس مہم کے ذریعے مالی مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔ اجلاس کے اختتام پر ایڈمنسٹریٹر نے برقیات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈیفالٹرز کی تفصیلی فہرست ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوری طور پر شیئر کریں تاکہ قانونی کارروائی میں تیزی لائی جا سکے۔











