پولیو مہم کی تمام محکموں کے سربراہان نگرانی کریںگے،ڈپٹی کمشنر استور

ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس استور وزیر نیک عالم، اسسٹنٹ کمشنر استور وجاہت سلیم، اسسٹنٹ کمشنر شونٹر تنویر احمد اور دیگر محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق نے کہا کہ ملک کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع استور میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 21 اپریل سے ہوگا اور 25 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران پانچ سال تک کے عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مقررہ اہداف حاصل کیےجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام والدین اپنے پانچ سال تک کے عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھیں اور پولیو فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنانے میں اپنا قومی فریضہ انجام دیں انہوں نے مذید کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے دیگر محکمہ جات کے سربراہان بھی نگرانی کریں گے اس سے پہلے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر استور ڈاکٹر نواب خان نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے کیے جانے والی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی. انہوں نے کہا کہ کل 129 ٹیمیں , 10 یو سی ایم اوز , 36 ایریا انچارجز اپنے فرائض انجا م دیں گے. جبکہ اس مقصد کے لیے 04 ٹرانزٹ پوائنٹ اور 03 فکس سینٹرز قائم کیے جائیں گے. انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران 17182 بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے. انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ استور نے ہمیشہ سے محکمہ صحت کے ساتھ بڑا شاندار تعاون کیا ہے. لہذا اس بار بھی ہمیشہ کی طرح تعاون جاری رہے گا۔










