دنیور میں ورلڈ فیڈریشن آف KSIMC اور ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے رمضان المبارک کی مناسبت سے راشن کی تقسیم

گلگت
دنیور میں ورلڈ فیڈریشن آف KSIMC اور ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے رمضان المبارک کی مناسبت سے راشن کی تقسیم۔
دنیور، گلگت بلتستان: ورلڈ فیڈریشن آف کے ایس ائی ایم سی کے تحت دنیور میں ضرورت مند خواتین اور افراد باہم معذوری کے درمیان روزمرہ ضرورت کی اشیاء کے راشن پیک کی تقسیم کا عمل کیا گیا۔ یہ تقریب ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کی گئی، جہاں 40 سے زائد ضرورت مند افراد کو رمضان المبارک کے مہینے کے تحت راشن کی تقسیم کی گئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ورلڈ فیڈریشن اور جابر بن حیان ٹرسٹ نے ماضی میں بھی گلگت بلتستان کے ہزاروں ضرورت مند افراد، خاص طور پر افراد باہم معذوری کے لیے گرم کمبل اور رضائیاں تقسیم کیے ہیں۔ ورلڈ فیڈریشن کی فلاحی خدمات نے علاقے میں رہائش پذیر ضرورت مند افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب کے دوران علاقائی عمائدین نے ورلڈ فیڈریشن کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ فیڈریشن اور جابر بن حیان ٹرسٹ کی انتظامیہ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان کے ضرورت مندوں اور خاص طور پر افراد باہم معذوری کی فلاح و بہبود کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
اس موقع پر علاقے کے معززین ریٹائرڈ ڈی ایس پی سید بزرگ شاہ صاحب، صوبیدار ریٹائرڈ عبدالحسن صاحب، سماجی و ادبی شخصیت حور شاہ حر صاحب ، اور چیئرمین ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن ارشاد حسین کاظمی صاحب کے علاوہ، پریزڈنٹ سکینہ الفت کاظمی صاحبہ، صدر ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن ویمن ونگ خالدہ بتول صاحبہ اور نائب صدر ویمن ونگ سلمی خانم صاحبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ورلڈ فیڈریشن کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔
ہمیں امید ہے کہ اس طرح کی مزید سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ ضرورت مند افراد کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔