صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے ہم ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں پوم پاکستان پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، ہم وطن کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کی گئی آزادی کی حفاظت کرنی ہے اور عہد کرتے ہیں کہ مادر وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کیلیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کوہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو بہت سے جیو پولیٹیکل مسائل کا سامنا ہے۔ ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔ دہشتگرد تنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور افواج ساتھ ساتھ ہیں۔ فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے آشنا کریں گے۔