ڈیم متاثرین کا ٹیکنیکل کمیٹی کے ساتھ اکتیس نکات پر عملدرآمد کیلئے معاہدہ طے

دیامر( نمائندہ خصوصی) متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کا حقوقِ دو ڈیم بنائو تحریک کے دھرنے کا ایک ماہ مکمل ہوگیا،تاہم وزارتی کمیٹی کی جانب سے تحریری معاہدے پر دستخط نہ ہونے کی وجہ سے واپڈا کے آفس اور پریفری روڈز پر تعمیراتی کام 10روز سے بند ہے۔واپڈا اور تعمیراتی کمپنیوں کے دفاتر بند ہونے سے دفتری امور میں مشکلات اور ملازمین کی تنخواہیں بھی نہ ملنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔سربراہ ڈیم کمیٹی مولانا حضرت اللہ نے کہاکہ ٹیکنیکل کمیٹی کیساتھ 31نکات پر عملدرآمد کیلئے معاہدہ 2025 طے پایا ہے۔معاہدے پر وزارتی کمیٹی کے دستخط اور عملدرآمد نہ ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ 31نکاتی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں ۔دیامر میں بے روزگاری عروج پر ہے واپڈا میں غیر مقامی ملازمین کی موجیں ہیں مقامی عارضی ملازمین کو اب تک مستقل نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی نئی بھرتیاں عمل میں لائی گئی ہیں جس پر سخت تشویش ہے۔واپڈا فوری طور پر کنٹیجنٹ تمام مقامی ملازمین کو مستقل کرکے معاہدے پر عملدرآمد کا آغاز کریں اور باقی ماندہ مطالبات بھی ٹائم پر فوری حل کیا جائے۔