ورلڈ آرفن ڈے کے موقع پر ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام خصوصی افطار ڈنر، سیکرٹری اطلاعات کی خصوصی شرکت، یتیم بچوں سے گفتگو کی

ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ورلڈ آرفن ڈے کے موقع پرافطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں یتیم بچوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ یہ تقریب ہیلپنگ ہینڈ اسکل ڈویلپمنٹ اورلائیولی ہڈ سنٹر گلگت میں منعقد ہوئی جہاں معزز شخصیات و دیگر نے شرکت کی۔اس تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری اطلاعات دلدار احمد ملک تھے جنہوں نے یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔انہوں نے بچوں سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن دلدار احمد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یتیم بچے ہماری قوم کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی بہترین تعلیم و تربیت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ جیسے ادارے ان بچوں کے لیے امید کی کرن ہیں، جو نہ صرف انہیں مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں بلکہ انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع بھی دے رہے ہیں۔اس موقع پر ریجنل منیجر ہیلپنگ ہینڈ محمد جہان نے بھی خطاب کرتے ہوئے یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہیلپنگ ہینڈ کی جاری کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ یتیم بچوں کو تعلیمی، اخلاقی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ہم ان بچوں کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کر رہے ہیں بلکہ انہیں ہنر مند بنانے کے لیے بھی مختلف پروگرامز متعارف کروا رہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں خود کفیل اور کامیاب شہری بن سکیں۔محمد جہان نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ تعلیمی وظائف، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، صحت کی سہولیات اور دیگر امدادی سرگرمیوں کے ذریعے یتیم بچوں کی مکمل کفالت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہیلپنگ ہینڈ کا مقصد نہ صرف ان بچوں کو سہارا دینا ہے بلکہ انہیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جانا ہے۔تقریب کے دوران یتیم بچوں نے خصوصی دعائیں کیں اور اپنی خوشیوں کا اظہار کیا۔ہیلپنگ ہینڈ کے نمائندوں نے اس موقع پر ادارے کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔افطار کے بعد مہمانوں اور بچوں کے درمیان خوشگوار نشست ہوئی،جس میں شرکانے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف یتیم بچوں کی دلجوئی کے لیے ایک بہترین موقع ہے، بلکہ معاشرے میں یتیموں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کابھی ذریعہ ہے۔ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ، محمد جہان کی قیادت میں، مستقبل میں بھی اس طرح کے فلاحی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔











