گلگت بلتستان کے مستحق مریضوں کے وزیر اعلیٰ انڈومنٹ فنڈ سے مفت علاج کو متاثر نہیں ہونے دینگے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہیلتھ اور بارکونسل کیلئے انڈومنٹ فنڈز کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے مستحق مریضوں کا وزیر اعلیٰ انڈومنٹ فنڈ سے مفت علاج کو متاثر نہیں ہونے دینگے،انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے سے جن مریضوں کا علاج چل رہاہے ان کا مکمل علاج کرایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے ا س موقع پر صوبائی سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ جون 2025تک ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے علاج کروانے والے مریضوں کیلئے درکار فنڈز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے صوبائی سیکرٹری صحت اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کی مشاورت سے فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنائیں، جون 2025 کے بعد وزیر اعلیٰ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کو وسعت دینے کے حوالے سے جامع پالیسی بنائی جائے گی اور فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی سیکرٹری قانون اور سیکرٹری خزانہ کو بھی ہدایت کی کہ گلگت بلتستان بار کونسل کیلئے انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 30 لاکھ گرانٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل میں اضافہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور وسائل کا صحیح استعمال کو یقینی بنائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کے سیکریٹریز کو پابند بنائیں کہ فوری طور پر صوبائی حکومت کی جانب سے متعین کردہ ریونیوز کے ٹارگٹ کے 100 فیصد حصول کو یقینی بنائیں اور تمام فنڈز کو محکمہ خزانہ میں منتقل کریں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری صحت ودیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو صوبائی سیکرٹری صحت نے ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے مریضوں کے علاج و معالجے کے حوالے سے درپیش مشکلات پر تفصیلی بریفنگ دی۔











