گلگت بلتستان ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس، سکیورٹی، ترقی اور اصلاحات بارے اہم فیصلے
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و چیئرمین ایپکس کمیٹی حاجی گلبر خان اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی، امن و امان، قانون و انصاف، توانائی، تعلیمی اصلاحات، سیاحت و کھیلوں کے ایونٹس، پولیس ریفارمز، قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ-سکردو روڈ کی سیفٹی اور غیر قانونی اسلحہ و منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ چولہا متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے دو اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو متاثرین سے مذاکرات کے بعد اپنی سفارشات مرتب کریں گی۔
بعد ازاں فیڈرل کمیٹی کے اراکین متاثرین سے ملاقات کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کو ان کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔ کمیٹی نے متاثرین سے درخواست کی کہ وہ اپنی نمائندہ کمیٹی تشکیل دیں تاکہ مذاکرات کو بامقصد بنایا جا سکے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ خطے کی ترقی اور استحکام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔اس موقع پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکنے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن و استحکام کے لیے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے۔اجلاس میں شریک اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے مختلف امور پر اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مشترکہ طور پر کام کریں گے اور مکمل تعاون فراہم کریں گے۔











