گلگت ، بجلی، سیوریج اور پانی کے بحران پر اجلاس، مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی

ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم حمزہ کی زیر صدارت بجلی کی لوڈشیڈنگ، سیوریج سسٹم اور پینے کے پانی کی قلت کے باعث عوامی احتجاج پر غور بارے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومتی وزراء، سول سوسائٹی کے نمائندے، خطیب موتی مسجد مولانا خلیل قاسمی، ممبر جی بی اسمبلی امجد حسین، چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی یوتھ ونگ زبیر احمد زئی اور دیگر افراد شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے بتایا کہ اس وقت شہر میں زیادہ سے زیادہ پانچ گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، تاہم آئندہ سال نلتر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 18 میگاواٹ اور سولر پاور سسٹم سے 20 میگاواٹ بجلی شامل ہونے کے بعد سردیوں میں 11 گھنٹے بجلی کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج سسٹم پر کام موسم کی بہتری کے بعد رمضان تک مکمل کر لیا جائے گا اور وہ خود منصوبے کی نگرانی کریں گے تاکہ معیار اور مقررہ مدت میں کام مکمل ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کے بجائے ان سے براہ راست رجوع کریں، تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔