چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کیخلاف کیا پلان ہے؟ نسیم شاہ نے بتا دیا

پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت سے مقابلے میں ٹیم کا پلان بتا دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت سے 23 فروری کو ہونے والے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستانی حکمت عملی بتا دی۔
پریس کانفرنس میں صحافی نے سوال کیا کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آ رہا۔ پاکستان نے دبئی میں اس سے مقابلے کے لیے کیا پلاننگ کی ہے۔
نسیم شاہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ایسی کوئی ڈسکشن نہیں ہوئی کہ انڈیا کے خلاف کیا کرنا ہے، سب کھلاڑیوں کی یہی سوچ فوکس ہے کہ ہے کہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے، کیونکہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلیں گے تو آگے جائیں گے۔ کس طرح فائنل اور پھر فائنل جیتیں ، ایک میچ سوچنے سے صرف دباؤ آتا ہے ٹارگیٹ حاصل نہیں ہوتا، ہم سب کا ٹارگیٹ پورا چیمپئنز ٹرافی ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ پاکستان اور بھارت میچ پریشر والا میچ ہوتا ہے اور اس میں جو جتنا دباؤ برداشت کرتے ہوئے پرسکون ہو کر بنیادی کرکٹ کھیلے گا وہی سب سے بہترین کھیل پیش کرے گا۔
نسیم شاہ نے کہا کہ اس میچ سے قبل گراؤنڈ سے باہر بھی بڑی ہائپ ہوتی ہے، کھلاڑیوں کو میدان میں اس ہائپ کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے لیکن ہمارا ہدف صرف بھارت کے خلاف میچ نہیں بلکہ پورا ٹورنامنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اب تک کوئی ایسی بات نہیں ہوئی کہ انڈیا کے خلاف میچ میں کیا کرنا ہے۔ سب کھلاڑیوں کا فوکس اس بات پر ہے کہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنی اور فائنل میں پہنچ کر ٹرافی جیتنی ہے۔