تازہ ترین
ضلع گلگت

یومِ یکجہتی کشمیر،گلگت بلتستان میں جوش و جذبے کے ساتھ تقاریب اور ریلیاں منعقد

گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تمام اضلاع میں ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سب سے مرکزی اجتماع اتحاد چوک گلگت میں منعقد ہوا جہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی و سیاسی رہنماؤں، طلبہ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہےاور اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی میں ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔

مقررین نے اقوامِ عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے کشمیری عوام کی عظیم اور لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی یہ جدوجہد ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ شرکاء نے بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آزادی کی اس تحریک میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس سے پہلے بینظیر بھٹو چوک سے اتحاد چوک تک کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں ہلے کارڈز ، بینرز ،کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button