ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت کی بجلی کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم حمزہ کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت عارف حسین کی زیر صدارت بجلی کی لوڈشیڈنگ اور تھرمل جنریٹرز کیلئے ایندھن کے شفاف استعمال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسیئن واٹر اینڈ پاور، اسسٹنٹ کمشنر گلگت، اسسٹنٹ کمشنر دنیور، صدر پریس کلب، صدر یونین آف جرنلسٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، نمائندے سول سوسائٹی، تحصیلدار گلگت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے ضلع گلگت کو تھرمل جنریٹرز کے لیے ایندھن فراہم کیا گیا ہے، اس ایندھن کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو۔
ایکسئین واٹر اینڈ پاور نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں 8 تھرمل جنریٹرز ہیں، جن میں سے 4 نئے جبکہ 4 پرانے ہیں اور ان کو چلانے کے لیے زیادہ ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بجلی کے غیر قانونی استعمال اور بلوں کی عدم ادائیگی سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت دی کہ بجلی کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ تھرمل جنریٹرز کی کارکردگی کی روزانہ نگرانی کی جائے گی اور استعمال شدہ ایندھن کا ریکارڈ سٹاک رجسٹر میں مرتب کیا جائے گا۔ مزید برآں تھرمل جنریٹرز کے معائنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر دورے کئے جائیں گے تاکہ شفافیت اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔