گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا چوتھا اجلاس

گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا چوتھا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری(ڈویلپمنٹ)کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 27540.599ملین روپے لاگت کے متعدد منصوبے منظور کئے گئے ،3منصوبے اعلیٰ فورمز کیلئے تجویز کیے گئے جبکہ 13منصوبوں کو موخر کردیا گیا ۔ گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں زراعت ، حیوانات اور ماہی پروری کے شعبے میں 7منصوبے منظور کیے گئے جو پائیدار زرعی ترقی کو فروغ دیں گے۔
صحت کے شعبے میں 27منصوبوں کی منظوری دی گئی جن کا مقصد صحت کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔تعلیمی سہولیات اور معیار کو بہتر بنانے کیلئے 26منصوبے منظور کیے گئے جن میں KIUکیمپسز(دیامر، غذر، ہنزہ)کی مضبوطی شامل ہے۔
36منصوبے مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے منظور کیے گئے ۔ ان میں سڑکوں، پانی کی فراہمی، اور نقل و حمل کے منصوبے شامل ہیں ۔
توانائی کے شعبے میں 3منصوبے منظور ہوئے اور 9منصوبے اگلے فورمز کو تجویز کیے گئے ہیںجن کی مشترکہ ہائیڈرو پاور کے استعداد 11.6میگاواٹ ہوگی۔سیاحت، کھیل اور ثقافت کے شعبے کے 5منصوبے منظور ہوئے ان منصوبوں کا مقصد خطے کے ثقافتی ورثے کا تحفظ اور سیاحت کو فروغ دینا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری(ترقیات)نے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں ۔
یاد رہے کہ اجلاس کا مقصد جاری مالی سال 2024-25کے سالانہ ترقیاتی منصوبے (ADP)، وزیر اعلیٰ بلاک اور وزیر اعلیٰ SDGsکی فنڈنگ کیٹیگریز کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور منظوری دینا تھا ان منصوبوں کا مقصد گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں میں پائیدار ترقی اور عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے ۔











