ڈپٹی کمشنرگلگت امیر اعظم حمزہ کی زیر صدارت بجلی کی لوڈشیڈنگ، سمارٹ میٹرز کی تنصیب اور بجلی بلوں کی وصولی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت امیر اعظم حمزہ کی زیر صدارت بجلی کی لوڈشیڈنگ، سمارٹ میٹرز کی تنصیب اور بجلی بلوں کی وصولی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسیئن واٹر اینڈ پاور گلگت، اسسٹنٹ کمشنر گلگت، اسسٹنٹ کمشنر دنیور، اسسٹنٹ کمشنر عملدرآمد گلگت، ایس ڈی او واٹر اینڈ پاور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گلگت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے بھاری برقی آلات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ برقیات اور انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں گھروں اور بازاروں میں اچانک چھاپے ماریں ،بجلی کے غیر قانونی استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلات کی وصولی کو یقینی بنایا جائے اور بغیر میٹر یا غیر قانونی کنکشن والے صارفین کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی معطل کی جائے۔ اس موقع پر ایکسیئن واٹر اینڈ پاور نے بتایا کہ گرمیوں میں بجلی کی طلب بڑھ جاتی ہے جبکہ سردیوں میں پانی کی کمی کے باعث پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے، سردیوں میں بھاری برقی آلات کے استعمال سے نہ صرف لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ٹرانسفارمرز بھی جلنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے غیر ضروری اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ایکسیئن واٹر اینڈ پاور کو ضلع بھر میں سپیشل لائنز ختم کرنے اور محکمہ برقیات کی زیر التوا ترقیاتی سکیموں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔











