واپڈا ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج اسلام آباد کے سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا گلگت بلتستان کا دورہ

واپڈا ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج اسلام آباد کے سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سیاحت، ثقافت و کھیل راجہ ناصر علی خان، صوبائی وزیر زراعت، لائیو اسٹاک و فشریز انجینئر انور اور صوبائی وزیر قانون غلام محمد نے گلگت بلتستان کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سیکریٹری قانون سجاد حیدر نے افسران کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت خطے کی اہمیت، گلگت بلتستان کے محل وقوع، ضلعی انتظامات، آبادی، بجلی کے نظام، معدنی ذخائر، خطہ میں موجود گلیشیئرز، گلگت بلتستان کی تاریخ، اور بین الاقوامی سرحدوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
صوبائی وزراء نے شرکاء کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں گورننس کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور موجودہ حکومت نے ثابت کیا ہے کہ خطہ کو منظم اور مؤثر انداز میں چلایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صو بہ میں نظم و نسق کے بہتر اقدامات کے ذریعہ ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔دورے پر آئے ہوئے واپڈا حکام نے گلگت بلتستان کے سیاحت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ قدرتی خوبصورتی اور وسائل سے مالا مال ہے اور اگر اس کے سیاحتی شعبہ پر توجہ دی جائے تو جلد ہی یہ علاقہ بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔