قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے سکالر فقیر شاہ نے پی ایچ ڈی مکمل کر لی

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے سکالر فقیر شاہ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کر لی۔ بدھ کو یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان "ماڈلنگ اینڈ اینالائسز آف نان لینئر فلوئڈ فلو اوور اسٹریچنگ سرفیسز” تھا۔ فقیر شاہ نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کا تحقیقی کام مکمل کیا۔پی ایچ ڈی کے مقالے کی اوپن ڈیفنس میں ان کے ایکسٹرنل ایگزامینر اسلام آباد کے شعبہ ریاضی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر معراج مصطفی تھے، جنہوں نے تحقیقی کام کو سراہا۔ امتحانی کمیٹی اور ایکسٹرنل ایگزامینر نے نہ صرف فقیر شاہ بلکہ ان کے سپروائزرز کی بھی تعریف کی اور ان کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ شاہ، فیکلٹی ارکان اور انتظامیہ نے فقیر شاہ اور ان کے سپروائزرز کو کامیاب اوپن ڈیفنس اور تحقیقی کام پر مبارکباد دی۔وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ میں پی ایچ ڈی اسکالرز کی تعداد میں اضافہ یونیورسٹی کے تعلیمی معیار میں مزید بہتری کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ قراقرم کا وژن جدید تقاضوں کے مطابق طلبہ کو معیاری تعلیم اور تحقیقی سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے جامعہ کی پوری ٹیم انتھک محنت کر رہی ہے۔اوپن ڈیفنس کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے مین کیمپس سے سینئر تدریسی و انتظامی افسران، فیکلٹی ممبران، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسکالر کی کاوشوں کو سراہا۔