انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی نے احتجاج کیلئے کمر کس لی

سکردو(چیف رپورٹر)انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی نے شاہراہ بلتستان پر پیش آنے والے حادثات غواڑی پاور پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں پر کام شروع ہونے میں غیر معمولی تاخیر ناقص گندم کی فراہمی اور بجلی کی اعصاب شکن لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیلئے کمر کس لی اور مسائل کے حل کیلئے بڑی تحریک کا اشارہ بھی دیدیا انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں علاقائی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جلد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سکردو روڈ پر ٹنلز/ شیڈز کی تعمیر بڑے پاور ہاسز کی تعمیر بجلی بحران کے خاتمے اور عوام کو ناقص گندم کی فراہمی کے خلاف بڑے پیمانے احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور اس دفعہ جو تحریک شروع ہوگی وہ مسائل کے حل تک جاری رہے گی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر جنرل سکریٹری احمد چو شگری عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نجف علی نذر عباس ریاض غازی نے کہاہیکہ بلتستان کے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ بلتستان میں بسنے والے انسان ہی نہیں ہیں اور ان کے حقوق ہی نہیں ہیں غواڑی پاور پراجیکٹ پر کام رکوانے کیلئے ایک لابی شروع دن سے سرگرم عمل ہے اس لابی کو بلتستان کی ترقی پسند نہیں ہے انہوں نے کہاکہ شاہراہ بلتستان موت کا کنواں بن گئی ہے اس شاہراہ پر سفر کرنا موت کو دعوت دینے کے سوا کچھ نہیں ہے ٹنلز بنانے کے وعدے اعلانات جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے اب دوبارہ ٹنلز اور شیڈز کی باتیں کی جارہی ہیں ہم کہتے ہیں ٹنلز اور شیڈز کے ساتھ ساتھ شغرتھنگ شاہراہ کی جلد تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے بصورت دیگر یہاں کے عوام اس بار خاموش نہیں رہیں گے انہوں نے کہاکہ سکردو کے عوام بائیس سے تیئس گھنٹے کی لوڈ شیدنگ سے دوچار ہیں ایسا لگتا ہے کہ یہاں قانون نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے بجلی کا محکمہ موجود ہے مگر اس میں ذمہ دار آفسیر نہیں ہے جن کو بجلی کے مسائل ٹھیک کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں اور یہ لوگ نااہلی کی مثالیں قائم کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ بلتستان کے لوگ جہاں دیگر مسائل سے دوچار ہیں وہیں وہ ناقص اور سڑی ہوئی گندم کی وجہ سے بھی پریشان ہیں سڑی ہوئی گندم کے استعمال سے یہاں کے لوگ بیمار پڑ رہے ہیں مگر ذمہ دار حلقے لمبی تان کر سوگئے ہیں یہاں کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی بھی حکومت شخص تیار نظر نہیں آتا ہے اس لئے عوامی عدالت سجانے پر انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی مجبور ہے مشاورت کے بعد عوامی عدالت سجانے کا فیصلہ کرلیا جائے گا











