سانحہ پارہ چنار ملکی سلامتی پر حملہ ، ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے، محمد اشرف صدا

ترجمان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان و سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد اشرف صدا نے کہا ہے کہ سانحہ پارہ چنار ملکی سلامتی پر حملہ ہے، ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔ آئے روز کی دہشت گردی ملکی سلامتی کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔ گنڈا پوری حکومت مکمل ناکام ہوچکی، حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔
بے گناہ مسافروں کی شہادت سے پورا ملک ہل کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حملے کو ملکی سلامتی اور تمام پاکستانیوں پر حملہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے پر ہم سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے ، ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، مسلح افواج اور تمام سکیورٹی ادارے مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کریں اور اس طرح کے قبیح واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج اک طرف روزانہ کی بنیاد پر مسلح افواج کے آفیسران اور جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف عام بے گناہ افراد شہید ہو رہے ہیں۔ محمد اشرف نےکہا کہ لگتا ہے کہ ملک کو اک بار بھر سے فرقہ واریت اور دہشت گردی کی آگ میں دھکیلنے کی سازش ہو رہی ہے تاہم ہمار یقین اور ایمان ہے کہ ریاست اک بار پھر ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
بحیثیت قوم ہمیں دشمنوں کے ارادوں اور سازشوں کو بھانپتے ہوئے ملی اتحاد و یکجہتی اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور ملکی سلامتی و استحکام اور باہمی اخوت و بھائی چارگی کے لیے متحد رہنا ہوگا کیونکہ قومی و ملی تقسیم کا فائدہ ہمیشہ مشترکہ دشمن اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پاراچنار نے انسانیت کی روح کو پارہ پارہ کر دیا ہے، ہم اس المناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔












