بگروٹ تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے، حاجی گلبر خان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بلچی بگروٹ دورے کے موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بگروٹ تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے۔
حکومت بگروٹ کے عوام کو درپیش مسائل حل کرے گی۔ بگروٹ کے عوام میں پائے جانے والی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے سفر کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے مستقل قیام امن اور بھائی چارگی کے فضاء کو فروغ دینا لازمی ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ماضی میں سیاسی سطح پر میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کالینڈ ریفارمز کے حوالے سے دیرینہ مطالبہ بہت جلد پورا ہوگا جس کے تحت خالصہ سرکاری کو ختم کرکے گلگت بلتستان کے زمینوں کی ملکیت یہاں کے عوام کو دی جائے گی۔ کابینہ سے لینڈ ریفارمز ایکٹ منظور ہوا ہے اور بہت جلد اسمبلی سے بھی منظور ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر چراء تا دتوچی روڈ کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات کوہدایت کی کہ اس منصوبے کی فزبلٹی جلد تیار کرے تاکہ اس اہم منصوبے کو اے ڈی پی میں شامل کیا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ نے بگروٹ میں لنک روڈز کی تعمیر کا بھی اعلان کیا اور بگروٹ میں بوائز انٹر کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ عوام کے مطالبے پر دتوچی سول ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرکے اے کلاس ڈسپنسری بنانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بگروٹ میں زراعت، لائیو سٹاک کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
یہاں کے بیشتر آبادی کا انحصار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری زراعت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بگروٹ میں لائیو سٹاک اورزراعت کے فروغ کیلئے خصوصی منصوبے تیار کئے جائیں۔ بگروٹ سیاحت کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحت کے فروغ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔











