گلگت بلتستان حکومت نے کے ٹو کے پرمٹ فیس میں اضافہ کر دیا

گلگت بلتستان کی حکومت نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر چڑھنے کے لیے پرمٹ فیس اور ضوابط میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔گلگت بلتستان سیاحت، کھیل، ثقافت، آثار قدیمہ اور میوزیم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے کے ٹو پر چڑھنے کے لئے پرمٹ فیس گرمی کے موسم (اپریل سے ستمبر) میں 5000 ڈالر، خزاں (اکتوبر سے نومبر) میں 2500 ڈالر اور سرما (دسمبر سے مارچ) میں 1500 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
جبکہ پاکستانی کوہ پیماؤں کے لیے یہ فیس گرمی کے موسم میں 1 لاکھ روپے، خزاں میں 50 ہزار روپے اور سرما میں 30 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کوہ پیما ایک چوٹی پر ایک اجازت نامے کے تحت چڑھ سکتے ہیں، ایک گروپ کی تعداد 20 سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ہائی ایلٹیٹیوٹ پورٹرز کو 2 ملین روپے تک کا انشورنس کروایا جائے گا، جبکہ لو ایلٹیٹیوٹ پورٹرز کو 1 ملین روپے تک کا انشورنس کروایا جائے- ماحولیاتی فیس جی بی ایڈونچر ٹورازم اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائے گی۔نوٹیفیکشن کے مطابق یہ تبدیلیاں،قواعد و ضوابط فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔