جشن آزادی گلگت بلتستان پولو فائنل میچ ،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور میر محفل فورس کمانڈر جی بی میجر جنرل کاشف خلیل مہمان خصوصی تھے

گلگت بلتستان ( 16 ستمبر2024ء) جشن آزادی گلگت بلتستان پولو فائنل میچ کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور میر محفل فورس کمانڈر جی بی میجر جنرل کاشف خلیل تھے۔انہوں نے فاتح اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں کپ اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔جشن آزادی پاکستان پولو ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم این ایل آئی کو ونر پرائزدیا گیا۔
ٹورنامنٹ اور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام این ایل آئی کے ناصر حسین نے حاصل کرلیا جبکہ جی بی سکائوٹس کے کھلاڑی نزیتھ کے گھوڑے کو ٹورنامنٹ کا بہترین گھوڑا قرار دیا گیا۔اس موقع پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل نے مختصر خطاب کرتے ہوئے بھرپور شرکت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرکے جشن آزادی پاکستان پولو ٹورنامنٹ کی شاندار کامیابی کو یقینی بنانے پر شائقین پولو کا شکریہ ادا کیا اور منتظمین کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں عوام اور شائقین پولو کی دلچسپی اور بھرپور شرکت سے رواداری اور اتحاد اتفاق کے جذبات اور ہماری ثقافتی اقدار کو فروغ ملا جوکہ ہمارے آبائو اجداد کی میراث ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جی بی کے روایتی فری سٹائل پولو کو مزید ترقی دینے اور کھلاڑیوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔انہوں نے خستہ حالی کا شکار تاریخی گرائونڈ آغا خان شاہی پولو سٹیڈیم کی مرمت اور تزین و آرائش کے لئے فنڈز کی جلد فراہمی کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم این ایل آئی کو 2 لاکھ اور سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے والی جی بی سکائوٹس کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے جبکہ ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی چترال کی پولو ٹیم کو بھی ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔