گلگت: سابق صوبائی وزیر و سینئر رہنما پیپلز پارٹی گلگت-بلتستان محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے مقدم ہاؤس جٹیال گلگت میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کے اعزاز میں پروقار عشائیہ دیا۔

مقدم ہاؤس پہنچنے پر جناب حنیف الرحمن مقدم اور مقدم فیملی کے معززین نے گورنر جی بی کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ گورنر گلگت بلتستان کے ساتھ بڑی تعداد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بھی عشائیہ تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر گلگت-بلتستان کی مجموعی صورتحال، صوبائی انتطامی و مالی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عشائیہ تقریب میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دیامر-استور اور بلتستان ڈویژنوں کے مابین روابط بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر گلگت-بلتستان کی معاشی استحکام کیلئے کاروباری سرگرمیوں، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات و آسانیاں فراہم کرنے کیلئے بھی بات چیت کی گئی جبکہ طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر مبنی معیاری اعلی تعلیم کی فراہمی پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی اور اس ضمن میں کے آئی یو اور بلتستان یونیورسٹیوں کے انتظامی و مالی مسائل بھی زیر بحث رہے۔