چیف سیکرٹری گلگت ابرار احمد مرزا نے کشونت، رامکھا کو صوبائی حکومت نے آفت زدہ قرار

استور: چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کیپٹن (ر) مشتاق احمد کے ہمراہ استور میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کشونت اور رامکھا،مشکے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشونت، رامکھا کو صوبائی حکومت نے آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
اب ان دونوں علاقوں میں اسی حساب سے سیلاب متاثرین کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ یہاں سے دوسری جگہ منتقل کرکے ماڈل ویلیج بنانے کے حوالے سےکمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو خصوصی ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ سائیڈ سلیکشن کے لوازمات مکمل کر کے بھیج دیں تاکہ ہم وفاقی حکومت کو بھیج دینگے اور لوگوں کو دوسری جگہ منتقلی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے خصوصی درخواست کرینگے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ تمام واٹر چینلز اور واٹر سپلائیز کو ایمرجنسی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا اور نالوں کو ایکسویٹرز کے ذریعے ایکسویشن کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے،
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے، انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کردی ہے کہ تمام انتظامی وسائل استعمال کر کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل حل کرنے ہیں انشا اللہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ لوگوں کے جتنے گھر نقصان ہوئے ہیں اور جتنی بھی زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے ان کو ہنگامی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا جس کا فلڈ کی وجہ سے نقصان ہوا ہے اس کا اسی حساب سے ازالہ کیا جائے گا، سیلاب متاثرین کے ساتھ ہر وقت کھڑے ہیں ان کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ استور تعلیم یافتہ لوگوں کی سرزمین ہے مگر یہاں توجہ نہ دینے کے باعث پسماندہ ہے، میں اور میری ٹیم استور کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے سیلاب کی زد میں آ کر شہید ہونے والے بچے اور بچی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی ۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق نے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔